دینہ (تحصیل رپورٹر)دینہ میں انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث جی ٹی روڈ پر نالوں کے سلیپ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی وجہ سے کئی شہری نالوں میں گر کر زخمی،نالوں پر سلیپ نہ ہونے کی وجہ سے نالے گند سے بند پڑے ہیں،نالوں کے بند ہونے کی وجہ سے جی ٹی روڈ بار ش میں تالاب کا منظر پیش کرتی ہے،شہریوں نے اعلی احکام سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار نالوں کو ٹھیک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ دینہ پر عرصہ دراز سے بیشتر نالوں سے سلیپ غائب ہیں یا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،شہر کے اکثر نالوں پر سلیپ ڈال کر ان کو بطور فٹ پاتھ بھی استعمال کیا جاتا ہے،نالوں پر سلیپ کی غیر موجودگی اور ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے اکثر اوقات مرد و خواتین جی ٹی روڈ کراس کرتے ہوئے بے دھیانی کی وجہ سے نالوں میں گر کر زخمی ہو چکے ہیں، نالوں پر سلیپ کی عدم موجودگی کے باعث دوکاندار حضرات دوکانوں کی صفائی کے بعد کچہرا نالوں میں پھینک دیتے ہیں جس کی وجہ سے نالے بند ہو جاتے ہیں اور نکاسی آب میں مشکلات پیش آتی ہیں،نالوں پر سلیب کسی بھی بڑے سانحہ کا سبب بن سکتے ہیں کیونکہ اگر کوئی بھی بچہ نالے میں گر گیا تو یہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے،عوام الناس نے ڈپٹی کمشنر جہلم،اسسٹنٹ کمشنر دینہ سے اس مسئلے کے نوٹس کا مطالبہ کیا ہے۔




