جہلم(چوہدری عابد محمود) مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف جادہ کے مقام پراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور جی ٹی روڈ کو احتجاجاً بند کردیا گیا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف کے پرسنل سٹاف آفیسر ڈاکٹر فضل الحق فضلی نے عدالتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے عدلیہ کو 9 مئی کے حمایت یافتہ قرار دیتے ہوئے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ججز نے قانون کو دوبارہ سے لکھا سنی اتحاد کونسل نے تحریری ڈکلیئریشن دی کہ ہم الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے تو ہم لسٹ کیسے فراہم کریں لیکن پھر بھی ججز نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دے دیا، پی ٹی آئی اس پیٹیشن میں فریق ہی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے جولاڈلے پن کے بیج بوئے تھے مسلم لیگ ن اس کی سزا بھگت رہی ہے اور اس کے اثرات آج پورے ملک پر چھائے ہوئے ہیں۔ ڈیڑھ برس تک پی ٹی آئی کو نوٹسز جاری ہوتے رہے کہ آپ انٹر پارٹی ایکشن کروائیں اور جب الیکشن کروائے تو وہ بھی سب کے علم میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم کے غیورعوام پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ضلع جہلم پاکستان مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے، ضلع جہلم کی باشعور عوام میاں محمد نواز شریف، میاں محمد شہباز شریف، مریم نواز شریف اور چوہدری فرخ الطاف کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔





