منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد کی زیر صدارت محکمہ پاپولیشن ویلفیئرکے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں عالمی یوم آبادی کے حوالے سے آگاہی سیمینارمنعقد ہوا۔سیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز فاروق احمد پھپھرا، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عتیق الرحمٰن، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر(ٹیکنیکل) ڈاکٹر عمائمہ، فلاحی مراکز کی انچارجز، میڈیا نمائندگان سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عالمی یوم آبادی منانے کا مقصد عوام الناس کو بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے پیدا ہونیوالے معاشی و سماجی مسائل کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ چھوٹے خاندان کو ترویج دے کر آبادی اور وسائل میں توازن قائم کیا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے کے دوران حکومت نے صحت اور تعلیم کی سہولتوں میں بے پناہ اضافہ کیا لیکن مطلوبہ نتائج نہیں مل سکے، جس کی وجہ شرح آبادی میں بے تحاشہ اضافہ ہے۔ ماں اور بچے کی صحت کو برقرار رکھنے کیلئے بہبود آبادی کے اصولوں پر عمل کرنا ہو گا۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عتیق الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہر سال پاکستان کی آبادی میں 42لاکھ کا اضافہ ہو رہا ہے جو دنیا کے کئی ممالک کی مجموعی آبادی سے زیادہ ہے اور اگر آبادی کے مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو 2047تک ملک کی آبادی پچاس کروڑ سے زیادہ ہو جائے گی، جس سے ملک میں غربت، بے روزگاری اور افلاس بڑھے گی۔ ہمیں سنجیدگی سے بڑھتی ہوئی آبادی پر کنٹرول کرنا ہو گا اسی میں ہماری بقا ہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ بہبود آبادی مذہبی حلقوں، تعلیمی اداروں، اور گاؤں کی سطح پر سیمینارز اور دیگر معلوماتی پروگرامز منعقد کرواتا ہے جس کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔سیمینار سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر(ٹیکنیکل) ڈاکٹر عمائمہ ڈاکٹر سدرہ ارشد اور دیگر نے عالمی یوم آبادی کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔سیمینار کے اختتام پر سال 2023-24میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و ملازمین میں شیلڈز اورتعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔ بعدا زاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد کی قیادت میں آگاہی واک کااہتمام کیا گیا،آگاہی واک ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر ڈی سی آفس کے گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔





