نومبر 3, 2026

جامعہ گجرات کے زیر اہتمام ورلڈ اولمپکس ڈے کا انعقاد

گجرات (سٹاف رپورٹر) جامعہ گجرات کی ڈائریکٹوریٹ برائے سپورٹس کے زیر اہتمام ورلڈ اولمپکس ڈے کو تزک و احتشام سے مناتے ہوئے ایک خصوصی تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔تقریب کے مہمان خصوصی رجسٹرار محمد نعیم بٹ تھے جبکہ میزبانی ڈپٹی ڈائریکٹر اخلاق احمد خاں نے کی۔ دیگر مہمانان اعزاز میں سپورٹس افسر ناصرہ پروین، ڈاکٹر نعمان ریاض اور مختلف شعبہ جات کے سینیئر اساتذہ شامل تھے۔محمد نعیم بٹ نے کہا کہ کھیلوں کے شعبہ میں مناسب حوصلہ افزائی سے بہترین نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔پاکستان ذہین و محنتی لوگوں کی سرزمین ہے۔حکومتی و ادارہ جاتی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرے گی۔طلبہ پاکستان کے مستقبل کی قیادت ہیں۔ اخلاق احمد خاں نے کہا کہ دنیا بھر میں 23جون کو اولمپکس گیموں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اولمپکس کھیل کی تاریخ قدیم اور انوکھی ہے۔ہزارہا سال سے مختلف قوموں کے کھلاڑی ان کھیلوں میں شرکت کرتے ہوئے اپنی اعلیٰ کارکردگی کی داد پاتے ہیں۔پاکستان نے 1948میں پہلی مرتبہ اولمپکس میں شرکت کی۔پاکستان نے مایہ ناز اولمپک کھلاڑیوں کو جنم دیا۔ اخلاق احمد خاں نے اولمپکس کھیلوں کے آغاز و ارتقا پر تفصیلی روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر محمد نعیم بٹ نے اخلاق احمد کی ہمراہی میں یونیورسٹی سطح پر مختلف کھیلوں میں بہترین کارکردگی کے حامل طلبہ کو تعریفی اسناد پیش کیں۔اس موقع پر جامعہ گجرات اولمپکس یادگار کی نقاب کشائی کرتے ہوئے یادگاری پودا بھی لگایا گیا۔