نومبر 3, 2026

امریکہ میں نامور شاعر مقصود وفا کے اعزاز میں عید ملن مشاعرہ، شعراء کی بھرپور شرکت

سید الطاف بخاری نے امریکہ میں مقصود وفا کارنر قائم کر دیا، ادبی حلقوں کی طرف سے شاندار پذیرائی


مقصود وفا ایک شخص نہیں ، ایک عہد کا نام ہے جس میں ہم سانس لے رہے ہیں: الطاف بخاری


ہیوسٹن میں تسلسل کے ساتھ ادبی تقریبات کا انعقاد قابل تحسین بھی ہے اور قابل تقلید بھی: مقصود وفا


گلیانہ(ڈاکٹر انصر فاروق مغل )انجمن تقدیس ِ ادب امریکہ کے وائس چیئرمین سید الطاف بخاری کی طرف سے امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے نامور شاعر مقصود وفا کے اعزاز میں”مقصود وفاکارنر” میں ایک یادگار  عید ملن مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔ جس کی صدارت نامور شاعرہ محترمہ تسنیم عابدی نے کی جبکہ شہرادب کے معروف شعرا ء نے اپنے کلام سے مشاعرے کو یادگار بنا دیا۔ معزز مہمان کے ہال میں پہنچنے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تقریب کی نظامت انجمن تقدیسِ ادب کے چیئرمین سید ایاز مفتی نے کی جبکہ خالد خواجہ، فرح اقبال، اشفاق کاشف، سید الطاف بخاری ، سید ایاز مفتی کے بعد صدرِ محفل محترمہ تسنیم عابدی اور صاحبِ شام مقصود وفا نے اپنا کلام سنایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ، صاحب شام جناب مقصود وفا کا کہنا تھا کہ الطاف بخاری نے امریکہ کی مادیت سے بھرپور زندگی میں اردو شاعری کی درخشندہ روایات کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ شہر ادب ہیوسٹن میں ایک تسلسل کے ساتھ ادبی تقریبات کا انعقاد لائق تحسین بھی اور اور لائق تقلید بھی۔ انہوں نے مقصود وفا کارنر کے قیام پر سید الطاف بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مجھے جس عزت سے نوازا ہے اس پر میں تادمِ زیست آپ سب کا شکر گزار ہوں۔ نامور شاعر خالد خواجہ نے کہا کہ پاکستان سے آنے والے تمام شعراء ہمارے لئے قابل عزت و احترام ہیں اور ہم اپنی بساط کے مطابق سب کی عزت و تکریم میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے مگر جس طرح کے خلوص اور محبت کا اظہار سید الطاف بخاری نے جناب مقصود وفا کیلئے کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔ صدرِ محفل محترمہ تسنیم عابدی اور دیگر شرکاء نے بھی مقصود وفا کارنر کے قیام کو انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے جناب الطاف بخاری کو مبارک باد پیش کی۔ میزبان سید الطاف بخاری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقصود وفا ایک شخص نہیں بلکہ ایک عہد کا نام ہے جس میں ہم سانس لے رہے ہیں۔ ان کا کلام خواص و عوام میں یکساں مقبول ہونا، ان کے اچھا شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھا انسان ہونے پر دلالت کرتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ امریکہ کی تاریخ میں پہلی بار کسی پاکستانی شاعر کے نام سے موسوم ایک ایسا کارنر قائم کیا گیا ہے جس میں ہر قسم کی ادبی تقریبات کے انعقاد کیا جا سکتا ہے۔