منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول اینڈ کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول اینڈ کالج کے انتظامی امور، اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہوں، رینوویشن، اکاونٹس سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح طالب علموں کیلئے بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے، جس کیلئے حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکول کی فلاح کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول ضلع کا سب سے بڑا اور شاندار تعلیمی ادارہ ہے، جہاں بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات، صاف ستھرا ماحول، پلے گراونڈز سمیت دیگر سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔اساتذہ کرام بڑی محنت، لگن اور باقاعدگی سے طلبہ کو پڑھا رہے ہیں، جس کی بدولت ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول کا ضلع میں نمایاں مقام ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو اس وقت جن چینلجز کا سامنا ہے، ان سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کی معیاری تعلیم کے ساتھ اچھی تربیت پرتوجہ دیں تاکہ وہ آگے چل کرملک کی ترقی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔





