نومبر 3, 2026

جہلم:عید الاضحی کی آمد، سبز چارے کی قیمتوں میں اضافہ، شہری پریشان، قیمتوں میں کمی کامطالبہ

جہلم(چوہدری دانیال عابد)جہلم عید الاضحی کی آمد سبز چارے کی قیمتوں میں اضافہ، شہری پریشاں چارے کی قیمتوں میں کمی کامطالبہ،تفصیلات کے مطابق عید الاضحی پر جانوروں کی خریدو فروخت کے ساتھ ساتھ ان کے چارے اور خوراک کی دکانیں بھی کھل جاتی ہیں،جہاں سے شہری جانوروں کی خوراک خریدتے دکھائی دیتے ہیں۔قربانی کے جانور گھر میں آتے ہی بچے بکروں،دنبوں اور بیلوں کی خدمت میں مصروف ہوجاتے ہیں،اس دوران مویشیوں کی خوراک کا خوب خیال رکھا جاتا ہے،کسی جانور کو سبز چارہ پسند ہے تو کوئی خشک گھاس شوق سے کھاتا ہے،انہیں روزانہ تازہ چارہ کھلایا جاتا ہے۔ جہاں تک جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اس کے ساتھ ہی شہر میں قائم چارے کی دکانوں میں چارہ بھی مہنگا کردیا گیا ہے، شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عیدالضحیٰ سے قبل چارے کے ریٹ قدرے کم تھے، جیسے ہی چارے کی مانگ میں اضافہ ہواہے، اسی کے ساتھ ہی دکانداروں نے خود ساختہ چارے کی قیمتوں میں اضافہ کرکے شہریوں کی جیبوں کا صفایا کرنا شروع کررکھا ہے، شہریوں کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں جیسے ہی کسی چیز کی مانگ بڑھتی ہے کارروباری افراد فوراً چیزوں کے ریٹ بڑھا دیتے ہیں،جس کیوجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں نے کہا کہ عیدالضحیٰ کے موقع پر شہری سنت ابراہیمی ادا کرنے کی خاطر جانور خرید کرگھر لاتے ہیں اور عید ِقرباں سے چند دن قبل اپنے جانوروں کی خوب خاطر تواضع کرتے ہیں جس کو بھانپتے ہوئے چارہ مالکان نے چارے کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کردیاہے۔ جس کے باعث شہریوں کا بجٹ بری طرح متاثر ہورہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ قربانی کے جانور کی خدمت کرکے انہیں خوشی محسوس ہوتی ہے،یہ جانور ان کے پاس چند دنوں کے مہمان ہوتے ہیں اور وہ ان کی خوب خاطر تواضع کرنا چاہتے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر ز سے مطالبہ کیاہے کہ اشیاء خوردونوش سمیت قربانی کے جانوروں کے استعمال ہونے والے چارے کے نرخوں کو کم کروایا جائے تاکہ شہری اپنے بجٹ کے اندر رہتے ہوئے سنت ابراہیمی کا فریضہ ادا کر سکیں۔