گجرات(پ۔ر)جامعہ گجرات کے ایڈوانس سٹڈیز و ریسرچ بورڈ(AS&RB)کا 20واں اجلاس حافظ حیات کیمپس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد مشاہد انور نے کی۔ ایڈوانس سٹڈیز و ریسرچ بورڈ کا بنیادی مقصد جامعہ گجرات میں جاری اعلیٰ تعلیمی پروگراموں ایم فل و پی ایچ ڈی کی حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے مختلف اعلیٰ سطح کے تعلیمی پروگراموں کا سیر حاصل جائزہ لیتے ہوئے تحقیقی مقالوں کی منظوری و نظر ثانی کے سلسلہ میں تجاویز و سفارشات پیش کرتے ہوئے علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نوجوان طلبہ کی راہنمائی کرنا ہے۔ اجلاس کے آغاز میں انیسویں اجلاس میں پیش کی گئی سفارشات و ایجنڈا کی منظوری دی گئی۔حالیہ اجلاس کے ایجنڈا کی روشنی میں AS&RBکے اراکین نے تفصیلی بحث کرتے ہوئے جامعہ گجرات کے مختلف شعبہ جات میں جاری ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کا تجزیہ و جائزہ پیش کرتے ہوئے مزید بہتری کی راہ پرعمل درآمدکے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔ ایجنڈا میں پیش کیے گئے مختلف نکات کو اراکین نے تفصیلی بحث وجائزہ کا موضوع بناتے ہوئے مثبت بحث کی۔ اجلاس میں فیکلٹی ڈین پروفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال، ڈین پروفیسر ڈاکٹرزاہد یوسف، ڈین پروفیسر ڈاکٹر فیصل محمود مرزا، رجسٹرارمحمد نعیم بٹ،ڈائریکٹرORICڈاکٹر عادل رشید، ڈائریکٹر QEC ڈاکٹرفیاض احمد،ڈائریکٹرآصف شریف اور مختلف شعبہ جات کے صدور و چیئر پرسن نے بھرپور شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹرمحمد مشاہد انور نے کہا کہ جامعات میں معیاری تحقیق کا فروغ پاکستان کے مجموعی انفراسٹرکچر کو نئی راہوں سے روشناس کروا سکتا ہے۔ علمی تحقیق کے نئے دروا کرتے ہوئے وطن عزیز کی خدمت ممکن ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے نظام میں ریسرچ کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ تحقیق کے معیار کو بہتر بنا کر ملکی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔AS&RBکے اجلاس میں اعلیٰ تعلیمی پروگراموں میں زیر تعلیم طلبہ کے عمومی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے ازالہ کے لیے سفارشات بھی پیش کی گئیں۔





