نومبر 3, 2026

بھارتی انتخابات: یوسف پٹھان نے بی جے پی اور کانگریس کو بھاری مارجن سے شکست دیدی

بھارت کے لوک سبھا انتخابات میں پہلی بار حصہ لینے والے سابق کرکٹر یوسف پٹھان نے کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرلی ۔ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کے بعد آج ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی نتائج کا اعلان کیا جا رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سیاسی جماعت آل انڈیا ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی جانب سے مغربی بنگال سے بہرام پور کی نشست پر الیکشن لڑنے والے سابق بھارتی کرکٹر یوسف پٹھان نے کانگریس کے ادھیررنجن چوہدری کو بڑے مارجن سے شکست دے دی۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق یوسف پٹھان نے4لاکھ 23 ہزار  451 ووٹ حاصل کیے  جبکہ ان کے مخالف کانگریس کے رکن ادھیر رنجن چوہدری کو 3 لاکھ 59 ہزار  367 ووٹ ملے۔اس کے علاوہ  بی جے پی امیدوار ڈاکٹر نرمل کمار ساہا کو 3 لاکھ 23 ہزار 685 ووٹ ملے۔واضح رہے کہ یوسف پٹھان نے بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 57 ون ڈے میچوں میں 27 کی اوسط سے 810 رنز بنائے۔ ان کے نام دو سنچریاں بھی ہیں۔ ٹی 20 انٹرنیشنلز میں انہوں نے 22 میچوں میں 18.15 کی اوسط اور 146.58 کے اسٹرائیک ریٹ سے 236 رنز بنائے۔اس کے علاوہ 41 سالہ یوسف پٹھان 2007 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور 2011 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا حصہ تھے۔یوسف پٹھان2011 ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم سے سیاست میں آنے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ ورلڈ کپ کی بھارتی ٹیم میں سے گوتم گمبھیر اور ہربھجن سنگھ بھی سیاست میں شامل ہو چکے ہیں۔یوسف پٹھان نے پہلی بار لوک سبھا کا الیکشن لڑا ہے۔