منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین ندیم بلوچ کا غیر قانونی طور پر گاڑیوں کی ڈی کینٹنگ کرنے، پٹرول پمپس کا k فارم نہ ہونے، مہنگا گوشت گوشت فروخت کرنے پر ایکشن، اسسٹنٹ کمشنر نے روٹی اور نان کی سرکاری قیمت پر فروخت کے حوالے سے مختلف شاپس کو بھی اچانک چیک کیا۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ نے غیر قانونی طور پر گاڑیوں کی ڈی کینٹنگ کر کے گیس سلنڈر رکھنے پر شاپ کو سیل کر دیا جبکہ مالک کے خلاف متعلقہ تھانہ میں مقدمہ بھی درج کروا دیا۔ اسی طرح 2 پٹرول پمپس کے پاس K فارم نہ ہونے پر دونوں پٹرول پمپس کو سیل کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مہنگا گوشت فروخت کرنے پر متعدد دکانداروں کو بھاری جرمانے بھی عائد کئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی افعال سر انجام دینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے عناصر اپنے ساتھ لوگوں کی زندگیوں سے بھی کھیل رہے ہوتے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں، کسی کے ساتھ کوئی رو رعایت نہ برتی جائے گی۔ بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے روٹی اور نان کی سرکاری قیمت پر عملدرآمد کے حوالے سے مختلف ہوٹلز اور تندوروں کا معائنہ کیا۔





