گجرات(پریس ریپلیز) پیپلا گجرات اور سرگودھا کے ڈویژنل قائدین کی منظم جدوجہد سے سرگودھا یونیورسٹی کی طرف سے بی ایس پروگرامز کے لیے جون اور جولائی دو ماہ کی تعطیلات موسم گرما کا اعلان متوقع:
بڑھتی ہوئی موسم گرما کی شدت سے اساتذہ کرام اور طلبہ کو کئی مسائل کا سامنا ہے۔سخت گرمی میں تعلیم و تعلم کا سلسلہ جاری رکھنا بہت زیادہ مشکل ہوتا جارہا ہے۔پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن ڈویژن گجرات کے صدر پروفیسر سید افتخار علی شاہ نے ایک ہفتہ قبل سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو مراسلہ بھیجا جس میں سرگودھا یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجز میں بی ایس پروگرامز کے اساتذہ کرام و طلبہ میں تعطیلات موسم گرما نہ ہونے کے بارے میں پائی جانے والی تشویش سے آگاہ کیا۔کل پیپلا سرگودھا ڈویژن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد رمضان نے دیگر ڈویژنل قائدین کے ہمراہ وائس چانسلر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور اس مسئلے کی حساسیت سے انھیں مکمل طور پر بریف کیا۔ پیپلا گجرات ڈویژن کے سیکرٹری نشر و اشاعت ڈاکٹر سیدامیر کھوکھر کے مطابق وائس چانسلر نے پروفیسر سید افتخار علی شاہ کے مراسلے کے ذریعے اساتذہ کرام اور طلبہ کے اس مسئلے سے آگاہی کا اظہار کیا۔ گرمیوں کی بڑھتی ہوئی شدت، لوڈ شیڈنگ اور اس موسم میں درپیش سفری مسائل کے پیش نظر بی ایس کلاسز کو دو ماہ کی چھٹیوں کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ وائس چانسلر نے اس مطالبے کو حق بجانب تسلیم کرتے ہوئےجون اور جولائی کے دو مہینوں میں تعطیلات کا عندیہ دیتے ہوئے کنٹرولر امتحانات کو تعلیمی کیلنڈر ری۔شیڈول کرنے کا حکم دے دیا۔کیلنڈر ری۔ شیڈول ہونے سے سرگودھا یونیورسٹی کے تمام ملحقہ کالجز میں جون اور جولائی کے دو مہینوں کی چھٹیاں ہوں گی۔اسی ہفتے میں چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کا قوی امکانات ہیں۔ اس منظم اور کامیاب مہم پر اساتذہ کرام اور طلبہ کے ایک وسیع حلقے میں پائے جانے والا اضطراب ختم ہوا اور انھوں نے پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن ڈویژن گجرات کے صدر پروفیسر سید افتخار علی شاہ، ڈویژن سرگودھا کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد رمضان اور دیگر ذمہ داران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور قیادت کی کمیونٹی کے حقوق کی خاطر کی گئی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔





