جون 16, 2026

"فرینڈز آف ایدھی جہلم” کے زیرِ اہتمام مشاورتی اجلاس کا انعقاد

سرائے عالمگیر( ڈاکٹر تصور حسین مرزا )”فرینڈز آف ایدھی جہلم”کے زیر اہتمام آج ایدھی سنٹر نزد جی ٹی ایس چوک جہلم ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔جس کی صدارت سرکلر انچارج ڈاکٹر محمد اسد مرزا نے کی۔دیگر شرکاء میں ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ جہلم،سیدہ شاہدہ شاہ،مسز کرنل(ر)خالدہ افضال،پروفیسرراجہ عبد الرحمن جنجوعہ،چوہدری جاوید اقبال پیٹرن سی ڈی سی المرکزجہلم،عبداغفور چوہان چیئرمین یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس جہلم،محمد عمر بٹ،ارشد محمود مبارک،چوہدری عبدالوحید رزاق،استاد عبدالرحمان مانی،سید اختر علی شاہ،غضنفر علی نگران ایدھی سنٹر جہلم،سہیل کیانی سپروائزر ایدھی سنٹر جہلم اور میڈیا کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ انچارج ایدھی سنٹر دینہ اور دیگر ممبران و عہدیداران کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔جس کی سعادت استاد عبدالرحمان مانی نے حاصل کی۔جبکہ ہدیہ نعت رسولِ مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم سید اختر علی شاہ نے پیش کیا۔
سرکلر انچارج ڈاکٹر محمد اسد مرزا نے ایدھی سنٹر جہلم کی خدمات کے حوالے سے شرکاء کو بتایا۔کہ اپنے کم وسائل کے باوجود جہلم کایہ ایدھی سنٹر انسانی خدمات کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔اور چھوٹے موٹے اخراجات کی مد میں اپنی مدد آپ کے تحت یہ خدمات سر انجام دے رہا ہے اور آئیندہ بھی دیتا رہے گا۔انہوں نے مذید کہا کہ عید الاضحیٰ کی آمد آمد ہے۔اس لیئے قربانی کے جانوروں کی کھالوں کے حصول کے لیئے کوئی ایسا لائحہ عمل اختیار کیا جانا چاہیئے۔کہ قربانی کے جانوروں کی کھالوں کا زیادہ سے زیادہ حصول ممکن ہو سکے۔اس حوالے سے ڈاکٹر شاہد تنویر،محمد عمر بٹ،سیدہ شاہدہ شاہ اور عبدالغفور چوہان نے مشترکہ طور پر یہ مشورہ دیا کہ قربانی کی کھالوں کے حصول کے لیئے سوشل میڈیا پر یہ مہم چلانے کے ساتھ ساتھ جہلم شہر کی بارونق جگہوں،چوراہوں اور شاہراہوں پر بڑے پیمانے پر پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیئے جائیں۔تاکہ لوگوں کو اس حوالے سے ترغیب مل سکے۔تمام شرکاء نے ان تجاویز کی بھرپور تائید کی۔
اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء کو پرتکلف چائے پارٹی دی گئی۔جس کے بعد یہ اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔