منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹرشاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیرصدارت ضلع منڈی بہاوالدین میں ممکنہ سیلاب کی صورت حال کا جائزہ لینے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی اور ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، اسسٹنٹ کمشنرز،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان، اریگیشن، ہیلتھ، لائیوسٹاک، ایم سیز، ایجوکیشن اور دیگر افسران موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان نے ملٹی میڈیا کی مدد سے مون سون سیزن میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اور تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مون سون سیزن کی آمدہ بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے کانٹی جنسی پلان تیار کر لیا گیا ہے، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ لیول پر انسپکشن کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔تمام متعلقہ محکموں سے ضروری مشینری کے فنکشنل ہونے کے سرٹیفکیٹ بھی لئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہناتھا کہ تمام متعلقہ افسران فیلڈ وزٹ کر کے مشینری کے چالو حالت میں ہونے،دریائی بندوں، اربن ڈرینج اور نالوں کی صفائی کی انسپکشن کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ متوقع سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام حفاظتی اقدامات بوٹنگ پوائنٹس،ٹرانسپورٹیشن، ریلیف کیمپس کے قیام، کھانا، میڈیسن، جانوروں کے چارے اور دیگر انتظامات میں کسی قسم کی کوئی کمی بیشی نہیں ہونی چاہیے۔ محکمہ ایریگیشن، ڈرینج اور میونسپل کمیٹیاں برساتی سیم نالوں کی صفائی کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکمہ جات کو ایک دوسرے سے رابطہ رکھنے،ڈرینز اور نالوں کی صفائی،انکروچمنٹ کو دور کرنے،فلڈ ریلیف آلات کی ضروری مرمت،دریا کے کناروں کے ساتھ ساتھ انکروچمنٹ کی ریموول کی ہدایات جاری کیں۔





