نومبر 3, 2026

ملکی ترقی کیلئے تاجر مشترکہ تجارت کو فروغ دیں:ڈپٹی کمشنر

گجرات() ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے سابق صدر گجرات چیمبر چوہدری وحید الدین ٹانڈہ کی طرف سے FPCCI کے نائب صدر KPK سیدعون علی شاہ، اور گروپ لیڈر ہری پور چیمبر، سید صفدر زمان شاہ سمیت KPK کے تجارتی وفد کے اعزاز میں جمخانہ کلب گجرات میں دیئے گئے عشائیہ میں میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ KPK اور گجرات کے تاجروں کو مشترکہ تجارت کو فروغ دینا چاہئے تاکہ ملک میں زیادہ سے زیادہ تجارت کو فروغ حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ گجرات محبت کرنے والوں کا ضلع ہے اور میرا تجربہ ہے کہ یہاں کے لوگ سب سے پہلے عزت مانگتے ہیں کہ انہیں بڑا سمجھا جائے اور کاروباری لحاظ سے بھی بہت بہتر ہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں او ریہ گجرات کے ہیرے ہیں اور مہمان کے بدلے مہمان مانگتے ہیں۔ آج دونوں صوبوں کے بزنس مینوں کا اکٹھ نیک شگون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میں بہت سے اضلاع میں کام کر چکا ہوں مگر مجھے گجرات میں کام کرنے کا اچھا تجربہ ہوا ہے۔ محبت کرنے والے لوگ ملے ہیں۔ اس موقع پر صدر شاہین گروپ، حاجی ناصر محمود نےKPK کے تاجروں کے وفد کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ہری پور چیمبر اور فیڈریشن کے ساتھ ہمارے گہرے تعلقات ہیں۔ ہمیں مل کر اپنے مسائل حل کرنا چاہئیں۔ گروپ لیڈر ہری پور چیمبر سید صفدر زمان شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ KPK کے بزنس مین72 ارب روپے کا ریونیو جنریٹ کر رہے ہیں اور تجارت کے لحاظ سے KPK دیگر صوبوں سے کم نہیں۔ ہمیں مل کر تجارت کو فروغ دینا چاہئے۔ گجرات کے بزنس مینوں کو انٹرنیشنل سطح پر بھی بزنس کے لئے ہماری کوئی مدد درکار ہو توہم حاضر ہیں۔ انہو ں نے گجرات کے بزنس مینوں کو ہری پور کے دورے کی دعوت بھی دی۔ صدر گجرات چیمبر سکندر اشفاق نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ گجرات چیمبر کا وفد ہری پور چیمبر کا دورہ ضرور کرے گا۔ اس موقع پر امتیاز کوثر، میاں محمد اعجاز، باؤ منیر پشاوری، علی انصر گھمن، عدنان اقبال مکی، حماد اسلم، حاجی محمد زاہد، چوہدری وحید الدین ٹانڈہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔