منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی برائے پاپولیشن کا ماہانہ اجلاس ڈی سی کمپلیکس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عتیق الرحمٰن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈی او پاپولیشن عتیق الرحمٰن نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران محکمہ بہبود آبادی نے ضلع کی تینوں تحصیلوں میں دور دراز مقامات پرکیمپس لگائے، جہاں مانع حمل ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں۔اس کے علاوہ سکولز اور کالجز میں آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔انہوں نے میڈیکل کیمپس، سٹاف کی ٹریننگ سمیت دیگر سروسز بارے بھی آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنرشاہد عمران مارتھ نے کہاکہ حکومت پنجاب آبادی میں بے ہنگم اضافہ کی روک تھام کیلئے اصلاحی و انتظامی اقدامات کر رہی ہے کیونکہ وسائل اور آبادی کے توازن کو برقرار رکھ کر ہی ملکی ترقی ممکن ہو سکتی ہے، بلاشبہ محکمہ بہبود آبادی کا بنیادی کام ہی عوام الناس کو مختلف طریقوں سے آمادہ کر کے خاندانی منصوبہ بندی پر عملدرآمد کروانا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دیہاتوں اور جھگیوں میں رہنے والوں لوگوں کو بھی خاندانی منصوبہ بندی کے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ محکمے کی سرگرمیوں کے حوالے سے جہاں جہاں خامیاں پائی جاتی ہیں ان کو درست کر کے مذید موثر اور فعال بنایا جائے۔





