کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار سے)سابق ایم این اے، صدر مُسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ ڈویژن چوہدری عابد رضا کوٹلہ نے کہا ہے کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال گُجرات میں ہونے والے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دل بہت افسردہ ہے، زیرِ مرمت بلڈنگ میں مریضوں یا لواحقین کی موجودگی انتظامی غفلت کا نتیجہ ہے، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو مرمت کی نہیں بلکہ اپ گریڈیشن اور نئی بلڈنگ کی ضرورت ہے، 2018ء سے قبل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی جی ٹی روڈ پر نئی بلڈنگ کی تعمیر اور موجودہ ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال تک محدود کرنے کی منظوری ہو چکی تھی لیکن حکومتی تبدیلی کے ساتھ ہی یہ منصوبہ سیاست کی نظر ہو گیا۔
گجرات میں ایک اور سانحہ کئی گھروں کے چراغ گل کر گیا لیکن مِن حیثُ القوم ہم اتنے بے حس ہو چکے ہیں کہ ہر حادثے کو انسانی غفلت کا نام دے کر ایسےبھول جاتے ہیں جیسے کچھ ہوا ہی نہیں، ہمارے نظام سے جزا سزا تو بالکل ختم ہو چکی ہے چند فرضی کاروائیاں اور مرنے والوں یا زخمیوں کیلئے مالی امداد کے چیک دے کر ہم بری الذمہ نہیں ہو سکتے، حکومت کو چاہیے کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی پرانی عمارت کی مرمت فوری طور پر روک کر نئی بلڈنگ بنانے کی منصوبہ بندی کی جائے اور پرانی/بوسیدہ عمارت کی مرمت/رینوویشن کی منظوری دینے والے افسران کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔




