نومبر 3, 2026

اڈیالہ جیل: بیرسٹر سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے طویل عرصے بعد ملاقات

راولپنڈی: بیرسٹر سلمان صفدر کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کرا دی گئی ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر کے مطابق آج سہ پہر ساڑھے 4 بجے اڈیالہ جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے 40 منٹ کی ملاقات کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ بار بار کی درخواستوں اور گزارشات پر بشریٰ بی بی سے 11 ماہ اور عمران خان سے 7 ماہ بعد یہ ملاقات ممکن ہو سکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات کا دورانیہ تمام مقدمات اور قانونی امور پر تفصیلی بات چیت کے لیے ناکافی تھا، تاہم اس کے باوجود دونوں میاں بیوی نے اپنی صحت اور جیل میں رہنے کے حالات سے آگاہ کیا۔ بیرسٹر سلمان صفدر کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے بعض قانونی امور اور زیر التوا مقدمات سے متعلق نئی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔