کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار ) ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد نے مسلسل غیر حاضری اور فرائض منصبی سے سنگین غفلت برتنے پر سخت محکمہ جاتی کارروائی کرتے ہوئے 9 پولیس اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کر دیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ان اہلکاروں کے خلاف کی جانے والی باقاعدہ انکوائری میں ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضری ثابت ہونے پر یہ سخت اقدام اٹھایا گیا۔ برخاست کیے جانے والوں میں ایک سب انسپکٹر، 7 کانسٹیبلز، ایک لیڈی کانسٹیبل اور ایک خاکروب شامل ہیں، جن کے خلاف تادیبی عمل مکمل کرتے ہوئے نوکری سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
نوکری سے برخاست کیے جانے والے اہلکاروں میں سب انسپکٹر محمد علی شاہ، کانسٹیبلز محمد یاسر، سرمد خان، احسن شہزاد، علی حسن، سہیل احمد، محمد ندیم، لیڈی کانسٹیبل مسفیرہ اور خاکروب معظم ثناء شامل ہیں۔ ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس میں ڈسپلن اور فرائض کی انجام دہی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، فرائض میں لاپرواہی، بدعنوانی یا غیر حاضری برتنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور محکمہ میں جزا و سزا کا شفاف عمل بلاامتیاز جاری رہے گا۔





