ستمبر 11, 2026

وفاقی حکومت کے 28 ماہ میں قرضوں میں 18 ہزار 832 ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جاری کردہ دستاویزات کے مطابق وفاقی حکومت کے ابتدائی 28 ماہ کے دوران ملکی قرضوں میں 18 ہزار 832 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد جون 2026 تک وفاقی حکومت کا کل قرضہ بڑھ کر 83 ہزار 642 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ نگران حکومت کے آخری مہینے فروری 2024 تک وفاقی حکومت کے کل قرضے 64 ہزار 810 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے تھے، اور اس طرح گزشتہ 28 ماہ کے دوران قرضوں میں اوسطاً ہر روز 22 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ بنتا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی دستاویزات کے مطابق مارچ 2024 سے جون 2026 کے اس عرصے میں وفاقی حکومت کے مقامی قرضے میں 16 ہزار 766 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جس سے مقامی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے سے بڑھ کر 59 ہزار 441 ارب روپے ہو گیا۔ اسی طرح، اس دوران بیرونی قرضے میں 2 ہزار 66 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور بیرونی قرضہ 22 ہزار 134 ارب روپے سے بڑھ کر 24 ہزار 201 ارب روپے ہو گیا۔