ستمبر 10, 2026

ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ تنخواہ دار طبقے سے ریکارڈ ٹیکس وصول کر لیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے ہی ماہ جولائی میں تنخواہ دار طبقے سے گزشتہ دو برسوں کے مقابلے میں زیادہ انکم ٹیکس جمع کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس کی شرح میں کمی کے باوجود ایف بی آر نے جولائی میں تنخواہ دار طبقے سے 44 ارب روپے جمع کیے، جبکہ مالی سال 25-2024 کے ماہ جولائی میں 42 ارب روپے اور مالی سال 24-2023 کے ماہ جولائی میں 30 ارب روپے جمع کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ حکومت نے رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں 22 لاکھ روپے سالانہ سے اوپر کی مختلف سلیبز پر انکم ٹیکس کی شرح میں نمایاں کمی کی تھی، جن میں سالانہ 22 تا 32 لاکھ روپے آمدنی والی سلیب پر ٹیکس 23 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد، 32 تا 41 لاکھ روپے پر 30 فیصد سے کم کر کے 25 فیصد، 41 تا 56 لاکھ روپے پر 35 فیصد سے کم کر کے 29 فیصد اور 56 تا 70 لاکھ روپے آمدنی والے افراد کے لیے ٹیکس کی شرح 35 فیصد سے کم کر کے 32 فیصد تک کی گئی تھی۔