ڈنگہ (نمائندہ خصوصی) چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈنگہ عرفان احمد گوندل نے سٹی 53 نیوز کے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر گجرات اور اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل کی ہدایات اور میٹنگز کی روشنی میں محرم الحرام کے دوران تمام جلوس و مجالس کے مقامات اور روٹس پر کام جاری ہے۔ مرکزی جلوس تعزیہ و علم بروز یوم عاشور کے لئے مرکزی امام بارگاہ قصر ابو طالب محلہ شاہ تکیہ سے عطاء محمد روڈ‘ مین بازار‘ تھانہ روڈ‘ مرکزی گلہ کشمیریاں‘ محلہ یتیم شاہ‘ محلہ بلہڑاں تا شاہ تکیہ روڈ کا میں نے خود سینٹری انسپکٹرز‘ سپروائزرزاور ستھرا پنجاب کے انچارج کے ہمراہ وزٹ کیا ہے۔ جلوس علم کے روٹ کے لئے امام بارگاہ جعفریہ کے روٹ کا ہیلاں روڈ پر وزٹ کیا ہے۔ امام بارگاہ محلہ بگھی پورہ کے گرد موجود گلیوں کا وزٹ کیا ہے۔ جلوس جھولا و مہندی کے لئے منظور شدہ روٹ کا وزٹ کر کے مکمل جائزہ رپورٹ مکمل کرنے کے بعد روٹ پر صفائی‘ پیچ ورک‘ بجلی کی فراہمی‘ روشنی کے اہتمام اور روٹس کے لئے جلوس ہائے کی راہ میں موجود تجاوزات اور کوڑے کے ڈھیروں کے خاتمہ کے لئے کام مسلسل جاری ہے۔ یوم عاشور پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اسبیل کا سٹال بھی لگایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی ڈنگہ اور ستھرا پنجاب کا تمام سٹاف مسلسل کام کر رہا ہے۔ ان شاء اللہ جلوسوں اور مجالس گاہوں کے گرد صفائی اور تجاوزات کا کام بروقت مکمل کر لیا جائے گا۔





