جون 14, 2026

محمود خان اچکزئی کی وزیرِاعظم کو مفاہمت کی پیشکش، سیاسی استحکام کیلئے نئے معاہدے کا مطالبہ

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے وزیرِاعظم شہباز شریف کو سیاسی معاملات مل بیٹھ کر طے کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے زور دیا کہ ماضی کی غلطیوں کی اصلاح ممکن ہے، لہذا شہباز شریف کو چاہیے کہ وہ پارلیمنٹ کو مضبوط بنائیں اور تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک ایسا معاہدہ طے پائے جس سے ‘ٹانگیں کھینچنے’ کی سیاست کا خاتمہ ہو سکے۔ اچکزئی نے صوبائی خودمختاری اور بانی پی ٹی آئی کے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کو جیلوں میں ڈالنے سے ملک نہیں چلے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر عمران خان سے ملاقات ہو جائے تو کیا آسمان گر پڑے گا؟ دوسری جانب، رکنِ اسمبلی اقبال آفریدی کو ایوان سے نکالنے کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، جس پر اسپیکر ایاز صادق نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ اقبال آفریدی نے بدتمیزی اور تشدد کا راستہ اختیار کیا، اور بطور اسپیکر اگر وہ ارکان اور عملے کا تحفظ نہیں کر سکتے تو انہیں یہاں بیٹھنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔