جون 14, 2026

کھاریاں شہر کے عوامی ترقیاتی منصوبے

ایک مسلسل جدوجہد، عوامی آواز اور اجتماعی کاوشوں کی داستان

تحریر: محمد عارف خان

کھاریاں شہر میں سروس روڈ، اوور ہیڈ برج بس اسٹاپ، اوور ہیڈ برج اور سیشن کورٹ کے سامنے موٹر سائیکل ریمپ جیسے اہم عوامی منصوبے کسی ایک دن یا ایک فیصلے کا نتیجہ نہیں بلکہ سالہا سال کی مسلسل جدوجہد، عوامی شعور، اجتماعی کوششوں اور مؤثر آواز بلند کرنے کی ایک مکمل تاریخ ہیں۔

ان منصوبوں کے لیے جماعت اسلامی کھاریاں نے سید ضیاء اللہ شاہ ایڈووکیٹ کی قیادت میں شہر کے باشعور شہریوں، فلاحی تنظیموں، تاجروں، سول سوسائٹی اور پریس کلب کے تعاون سے بھرپور کردار ادا کیا۔ مقصد صرف کسی ایک جماعت یا فرد کی کامیابی نہیں بلکہ کھاریاں کے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات، محفوظ راستے اور بنیادی شہری حقوق کی فراہمی تھا۔

اس جدوجہد کے دوران متعدد آل پارٹیز کانفرنسز منعقد کی گئیں تاکہ تمام سیاسی و سماجی قوتوں کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے متحد کیا جا سکے۔ سکائی ویز ہوٹل میں منعقدہ مثالی جرگہ اسی عوامی اتحاد کی ایک نمایاں مثال تھا، جہاں مختلف طبقات کے نمائندگان نے کھاریاں کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ آواز بلند کی۔

عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے جی ٹی روڈ پر تاریخ ساز ایک روزہ دھرنا، احتجاجی مظاہرے اور مختلف سطحوں پر جدوجہد کی گئی۔ اس پورے سفر میں سید ضیاء اللہ شاہ ایڈووکیٹ، سابق صدر بار ایسوسی ایشن کھاریاں نے قانونی، عدالتی اور سرکاری سطح پر مسلسل پیروی کرتے ہوئے اس مسئلے کو ہر فورم پر مؤثر انداز میں اٹھایا۔

یہ جدوجہد اس بات کی مثال ہے کہ جب عوامی نمائندہ سوچ، اجتماعی شعور اور مسلسل محنت ایک سمت میں آگے بڑھیں تو بڑے عوامی منصوبے حقیقت کا روپ دھار سکتے ہیں۔

آج ان منصوبوں کی تکمیل کھاریاں کے شہریوں کے لیے ایک اہم سہولت ہے، مگر اس کے پیچھے موجود طویل جدوجہد، قربانیاں اور مسلسل کوششیں بھی تاریخ کا حصہ ہیں جنہیں یاد رکھنا ضروری ہے۔