جون 3, 2026

وزیراعظم شہباز شریف سے چیمبرز آف کامرس کے وفد کی ملاقات: معاشی استحکام اور ترقی کے عزم کا اعادہ ، گجرات چیمبر میں پاسپورٹ آفس قائم کرنے کےلئے ہدایت جاری

ملک بھر کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعلیٰ قیادت کے وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملکی معاشی صورتحال، کاروباری برادری کے مسائل اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کے شرکاء نے وزیراعظم، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے خلیج میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات کے دوران کاروباری رہنماؤں نے پسماندہ اور متوسط طبقے کے لیے "وزیراعظم اپنا گھر پروگرام” کے تحت آسان شرائط پر قرضہ جات کی فراہمی کے اقدام کا خیر مقدم کیا۔

​وفد کے اراکین نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے اور گرے اکانومی کو فارمل اکانومی میں لانے کے لیے ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں کاروباری برادری حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مسلسل محنت سے معیشت کو استحکام حاصل ہوا ہے اور تیز تر معاشی ترقی کے لیے حکومتی کوششیں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پالیسی ریٹ میں اضافے کے باوجود ایکسپورٹ ری فائنانس سکیم کی شرح جون 2027 تک 4.5 فیصد پر برقرار رہے گی۔ وفد کی درخواست پر وزیراعظم نے گجرات میں پاسپورٹ آفس کے قیام کے حوالے سے بھی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دیں۔