پاکستان کرکٹ کے سب سے معروف مداح ‘چاچا کرکٹ’ (چوہدری عبدالجلیل) نے کرکٹ کے میدانوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور قومی کھلاڑیوں نے انہیں شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کو اپنی آخری سیریز قرار دینے والے چاچا کرکٹ کو قومی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بالر اور کپتان شاہین شاہ آفریدی نے خاص طور پر تیار کردہ شرٹ تحفے میں پیش کی۔
اس موقع پر پی سی بی نے چاچا کرکٹ کو اپنا خصوصی مہمان بنایا اور دوسرے ون ڈے میچ کے دوران ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا۔ بورڈ کی جانب سے کیک کاٹ کر ان کی دہائیوں پر محیط خدمات کا اعتراف کیا گیا، جبکہ میچ کی اختتامی تقریب میں بھی انہیں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ چاچا کرکٹ صرف ایک فین نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ کی پہچان ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ٹیم کو سپورٹ کیا۔





