ستمبر 16, 2026

سعودی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ڈرون حملوں کے بعد یورپ کو خام تیل کی ترسیل معطل، یورپی ریفائنریز کو تشویش

ریاض (خصوصی رپورٹ) سعودی ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن پر عراقی ملیشیا کی جانب سے کیے جانے والے ڈرون حملوں کے بعد سعودی عرب نے عارضی طور پر پائپ لائن بند کر کے یورپ کو خام تیل کی سپلائی معطل کر دی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں عراقی ڈرون حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جس کے پیش نظر سیکیورٹی اقدامات کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی آرامکو نے یورپی ریفائنریز کو بھیجے جانے والے خام تیل کے تمام کارگو فی الوقت منسوخ اور مؤخر کر دیے ہیں، جس کے باعث یورپ بھر میں تیل کی شدید قلت اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری تناؤ کے باعث آبنائے ہرمز میں نقل و حمل بڑی حد تک معطل رہی ہے، جس کی وجہ سے گزشتہ چھ ماہ سے یہ ایسٹ ویسٹ پائپ لائن ہی مشرقِ وسطیٰ کے تیل کی عالمی سپلائی کا مرکزی ذریعہ تھی۔ روزانہ 40 سے 50 لاکھ بیرل تیل منتقل کرنے والی اس پائپ لائن کی معطلی کے بعد امریکی انرجی سیکرٹری کرس رائٹ نے امید ظاہر کی ہے کہ پائپ لائن کو چند دنوں میں دوبارہ فعال کر دیا جائے گا، تاہم برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق پائپ لائن کی مکمل مرمت اور بحالی کے کام میں 3 سے 6 ہفتے کا وقت درکار ہو سکتا ہے۔