جون 1, 2026

صومالی قزاقوں کے قبضے میں آئل ٹینکر ‘آنر 25’ کے اغوا کو 40 دن مکمل، 10 پاکستانیوں سمیت تمام 17 یرغمالی تاحال اپنی آزادی کے منتظر

صومالی قزاقوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے آئل ٹینکر ‘آنر 25’ کے قبضے کو 40 دن بیت گئے ہیں، تاہم 10 پاکستانیوں سمیت تمام 17 یرغمالی تاحال اپنی آزادی کے منتظر ہیں۔ 21 اپریل کو اغوا کیے گئے اس جہاز پر عملے کے دیگر ارکان میں 4 انڈونیشیائی، ایک بھارتی اور ایک میانمار کا شہری شامل ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق جہاز اس وقت صومالی ساحل کے قریب لنگر انداز ہے اور بحری قزاقوں کے قبضے میں ہے۔ مذاکرات کے حوالے سے اب تک کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی؛ قزاقوں نے تاوان کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے پہلے 10 لاکھ ڈالر اور بعد ازاں 4 ملین ڈالر کا مطالبہ کر دیا ہے، جس کے باعث مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ صومالی حکومت جہاز کے مالک کے ذریعے قزاقوں سے رابطے میں ہے اور پاکستان کو یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ حکومتِ پاکستان کو اس معاملے پر صومالی حکام کی جانب سے ایک باضابطہ خط بھی موصول ہوا ہے جس میں بازیابی کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔