جون 1, 2026

موڑہ کریم بخش میں صاف پانی کے 68ویں منصوبے کا افتتاح: انسانیت کی خدمت کا سفر جاری

سرائے عالمگیر (رپورٹ: ڈاکٹر تصور حسین مرزا) موڑہ کریم بخش میں "مہربانی ویلفیئر پروجیکٹ” کے تحت پینے کے صاف پانی کے 68ویں بورنگ منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ یہ فلاحی منصوبہ محترمہ حنا نصیر کے مالی تعاون سے پایۂ تکمیل تک پہنچا ہے، جس سے مقامی آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا۔

منصوبے کا افتتاح ڈاکٹر شہزانہ امتیاز، عبدالغفور چوہان، محمد عمر بٹ اور فلک ناز سیٹھی نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور منصوبے کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کیا۔ مقررین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی انسانیت کی سب سے بڑی اور بنیادی خدمت ہے، اور مہربانی ویلفیئر پروجیکٹ پسماندہ علاقوں میں اس مشن کو مسلسل آگے بڑھا رہا ہے۔

ڈاکٹر شہزانہ امتیاز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلاحی منصوبے معاشرے میں مثبت تبدیلی اور بہتری لانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ عبدالغفور چوہان نے مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صاف پانی کی فراہمی کا یہ سلسلہ اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا تاکہ دور دراز علاقوں کے باسیوں کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔