ستمبر 20, 2026

کھاریاں: اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل کی زیرِ صدارت انسدادِ گداگری پر اہم اجلاس، پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ

کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار) کھاریاں میں پیشہ ور بھکاریوں کے خاتمے اور گداگری کی روک تھام کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل کی زیرِ صدارت ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا۔ یہ ہنگامی اجلاس اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سی ڈی کھاریاں، محترمہ میڈم ثمن اعجاز کی خصوصی اور تحریری درخواست پر بلایا گیا تھا، جس کا مقصد شہر اور گردونواح میں بڑھتے ہوئے بھکاریوں کے نیٹ ورک کو توڑنا ہے۔

اس اہم اجلاس میں مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جن میں چیف افسر (سی او) میونسپل کمیٹی لالہ موسیٰ چوہدری تنویر عباس گجر، سی او میونسپل کمیٹی کھاریاں خاور جاوید گجر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر میڈم ثمن اعجاز، محکمہ پولیس کے نمائندے محمد یاسین، انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس رائے سہیل اظہر، انسپکٹر لیبر ڈیپارٹمنٹ شعیب سلیم اور ڈپٹی ڈی ای او محکمہ ایجوکیشن افتخار احمد شامل تھے۔ اجلاس کے دوران شہر کے اہم چوک چوراہوں، مارکیٹوں اور سگنلز پر پیشہ ور بھکاریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، جو شہریوں کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن رہے ہیں۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایسے عناصر اور مافیا کے خلاف، جو معصوم بچوں اور مجبورتوں کو آگے کر کے پیشہ ورانہ بھیک منگواتے ہیں، فوری طور پر ایک جامع اور سخت کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو سمیت تمام متعلقہ اداروں اور پولیس فورس کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وہ فیلڈ میں نکل کر فوری قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ ساتھ ہی، گداگری کے ناسور کے خلاف عوامی سطح پر بڑے پیمانے پر آگاہی مہم جاری رکھنے کا بھی عزم کیا گیا۔ میٹنگ کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر آفس کی حدود میں ایک ‘انسدادِ گداگری آگاہی واک’ کا بھی اہتمام کیا گیا، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر نے خود کی، تاکہ عوام میں اس لعنت کے خلاف شعور بیدار کیا جا سکے اور سچے مستحقین کی شناخت ممکن ہو۔