اکتوبر 28, 2026

پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی: امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی کرے گا

اسلام آباد: پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک بار پھر کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور اطلاعات کے مطابق اسلام آباد آئندہ ہفتے امریکا اور ایران کے درمیان تعطل کا شکار امن مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی کی توقع کر رہا ہے۔ سفارتی ذرائع اور ترک خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے جاری کشیدگی اور تنازع کے خاتمے کے لیے بات چیت کی بحالی متوقع ہے جس میں اب تک کی پیشرفت انتہائی حوصلہ افزا رہی ہے، بتایا جا رہا ہے کہ فریقین کے درمیان تنازع کے تقریباً 85 فیصد معاملات طے پا چکے ہیں تاہم جوہری مسئلہ اب بھی ایک بڑی رکاوٹ کے طور پر سامنے موجود ہے جسے حل کرنے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

​اس اہم سفارتی پیشرفت کے حوالے سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 14 اور 15 مئی کو ہونے والے دورہ چین سے قبل امریکا اور ایران کے درمیان ایک ابتدائی معاہدہ طے پا سکتا ہے جس سے عالمی سطح پر جاری تناؤ میں کمی آنے کی امید ہے۔ پاکستان حالیہ مثبت پیشرفت کو مدنظر رکھتے ہوئے پرامید ہے کہ دونوں فریقین مذاکرات کے اس دوسرے مرحلے میں سنجیدگی کے ساتھ دوبارہ شامل ہوں گے تاکہ خطے کو جنگ کے بادلوں سے نکال کر امن کی جانب لے جایا جا سکے۔ اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات نہ صرف دو ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے اہم ثابت ہوں گے بلکہ اس سے عالمی سیاست میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور مصالحت کار کے طور پر اس کی اہمیت کو بھی مزید تقویت ملے گی۔