سیالکوٹ: وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت، افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف پراکسی وار (Proxy War) کر رہا ہے اور افغانستان اس وقت مکمل طور پر بھارت کی پراکسی بنا ہوا ہے۔ جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سنگین انکشاف کیا کہ پاکستانی اور افغان طالبان کو بھارت کی بھرپور سرپرستی حاصل ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک اچھے ہمسائے کی طرح خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے، تاہم قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے پاک فوج کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج نے بھارت کو عبرت ناک شکست دے کر اس کا غرور مٹی میں ملایا ہے، اب بھارت دوبارہ پاکستان پر حملہ کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی دفاعی سرحدیں محفوظ ہیں اور ہم کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔





