اپریل 26, 2026

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی چک اخلاص آمد؛ کرنل (ر) پرویز اختر کی وفات پر لواحقین سے اظہارِ تعزیت اور فاتحہ خوانی

کھاریاں (رپورٹ: قاری نصیر احمد کلیار) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی گزشتہ روز تحصیل کھاریاں کے گاؤں چک اخلاص پہنچے، جہاں انہوں نے اپنے دیرینہ دوست اور علاقے کی ممتاز سیاسی، سماجی و عسکری شخصیت کرنل (ریٹائرڈ) پرویز اختر کی وفات پر ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مرحوم کے بھائیوں میجر صفدر خان، کرنل ظفر اقبال اور سابق چیئرمین چوہدری محمد اقبال سے دلی افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ کرنل پرویز اختر ایک مخلص انسان اور انتہائی باوفا دوست تھے۔ انہوں نے کوئٹہ میں قیام کے دوران جو وقت گزارا وہ ہمیشہ یادگار رہے گا اور ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرنل پرویز کی وفات سے وہ ایک بہترین ساتھی سے محروم ہو گئے ہیں۔

تعزیتی ملاقات کے دوران اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل، ایم پی اے راجہ محمد اسلم (سرائے عالمگیر)، ڈی ایس پی احسان اللہ اور معروف صحافی شاہد جاوید سمیت دیگر مقامی شخصیات بھی موجود تھیں۔ وزیر اعلیٰ نے پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اور کہا کہ پوری بلوچستان حکومت اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ شریک ہے۔