وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں فی الفور 80 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے سے کم ہو کر 378 روپے 41 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے، جس کا اطلاق رات 12 بجے سے کر دیا گیا ہے۔ پٹرولیم ڈویژن نے اس کمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جو اگلے ایک ماہ تک پورے پاکستان میں نافذ العمل رہے گا، تاہم ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے پر برقرار رکھی گئی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں معاشی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے نے دنیا بھر میں مہنگائی کو جنم دیا ہے، لیکن وہ عام آدمی کی تکالیف سے بخوبی آگاہ ہیں۔ اسی تناظر میں حکومت نے نہ صرف پیٹرول سستا کیا ہے بلکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر اور کسانوں کے لیے بھی بھاری سبسڈی کا اعلان کیا ہے۔ موٹر سائیکل سواروں اور گڈز ٹرانسپورٹ کو فی لیٹر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی، جبکہ بسوں کے لیے ایک لاکھ روپے ماہانہ اور چھوٹے کسانوں کو 1500 روپے فی ایکڑ امداد فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک عوام کے حالات معمول پر نہیں آ جاتے، حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔




