کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار )کھاریاں اور گردونواح میں گیس سلنڈر کی من مانی قیمتوں پر شہری پریشان ۔
تفصیلات کے مطابق کھاریاں میں سرکاری نرخ 3000 روپے والا گھریلو گیس سلنڈر 4500 /4700 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ گیس 450 روپے فی کلو کے حساب سے بیچی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس سلنڈر مافیا بےلگام ہو چکا ہے اور غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے علاقہ مکینوں نے کھاریاں میں جاری اس ناجائز منافع خوری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گجرات، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں پہلے ہی حالات سنگین ہیں، اوپر سے ناجائز منافع خوری نے جینا دوبھر کر دیا ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے فوری کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔




