اپریل 16, 2026

پاکستان کے ذریعے ایران کے ساتھ بات چیت جاری، جلد ڈیل ہوسکتی ہے : ٹرمپ

واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک ممکنہ معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے اور اس سلسلے میں پاکستانی سفارتکاروں کے ذریعے بالواسطہ مذاکرات میں پیش رفت جاری ہے۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایران کے تیل پر کنٹرول حاصل کر سکتا ہے اور ضرورت پڑنے پر خارگ جزیرہ پر بھی قبضہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی ہے اور اس راستے سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد 20 تک پہنچ چکی ہے۔
ٹرمپ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے ان جہازوں کو گزرنے کی منظوری دی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ براہ راست اور بالواسطہ دونوں سطحوں پر بات چیت جاری ہے اور مذاکرات میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے، جس کے باعث کسی بھی وقت معاہدہ طے پا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیوبا جلد ناکام ہو سکتا ہے اور امریکا وہاں مدد کے لیے موجود ہوگا۔
دوسری جانب امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینکڑوں امریکی اسپیشل آپریشن فورسز مشرق وسطیٰ پہنچ چکی ہیں، جس سے خطے میں صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔