دبئی: کرکٹ کی دنیا کی سب سے مہنگی لیگ، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)، دنیا کی بہترین لیگ کا اعزاز حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ عالمی لیگز کی تازہ رینکنگ میں انگلینڈ کی ‘دی ہنڈرڈ’ نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے، جبکہ جنوبی افریقہ کی ‘ایس اے ٹی ٹوئنٹی’ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔
رینکنگ کے مطابق آئی پی ایل کو تیسرے نمبر پر رکھا گیا ہے، جہاں ‘دی ہنڈرڈ’ نے 75.2 اور ‘ایس اے ٹی ٹوئنٹی’ نے 68 پوائنٹس حاصل کیے، وہیں آئی پی ایل محض 62.6 پوائنٹس حاصل کر سکی۔ گلوبل پلیئرز باڈی کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کو بہترین بننے کے لیے کھلاڑیوں کے حقوق اور ویلفیئر (بہبود) کے شعبوں میں نمایاں بہتری کی ضرورت ہے۔
رینکنگ کے دیگر نتائج کے مطابق، آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (BBL) 62.5 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، جبکہ پاکستان سپر لیگ (PSL) 48 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہی۔ فہرست میں چھٹے نمبر پر ایم ایل سی، ساتویں پر آئی ایل ٹی ٹوئنٹی، آٹھویں پر سی پی ایل، نویں پر ابوظہبی ٹی 10 اور دسویں نمبر پر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (BPL) موجود ہے۔




