ڈنگہ (احتشام اللہ اسلم) راہنما مسلم لیگ (ن) ڈنگہ شیراز ناصر زیدی نے روزنامہ سٹی 53 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کام کرنے والی آر آر کمپنی کی ڈنگہ میں کارکردگی قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈنگہ میں نئے تعینات ہونے والے اے ایم او فیصل منیر اپنے فرائض کی انجام دہی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں جو قابلِ فخر امر ہے۔ ان کی نگرانی میں صفائی کے عملے کو مزید متحرک کیا گیا ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے کاموں میں تیزی لائی گئی ہے۔ شیراز ناصر زیدی نے کہا کہ صفائی کے معاملات کو بہتر بنانے کے لیے ورکرز ڈبل شفٹ میں کام کر رہے ہیں جس کے باعث شہر میں صفائی کی صورتحال دن بدن بہتر سے بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی واضح مثال یہ ہے کہ صرف گزشتہ روز شہریوں کی 500 سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا جس کے بعد شہری آر آر کمپنی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ڈنگہ کو ایک صاف اور خوبصورت شہر بنایا جا سکے۔





