اکتوبر 29, 2026

مخالفین کو ساتھ بٹھا کر افتتاح کروانا اور نام لکھوانا صرف چوہدری اعجاز رنیاں کا ظرف ہے: مرزا تجمل نوید سیؤ

ڈنگہ (احتشام اللہ اسلم) پاکستان مسلم لیگ ق ڈنگہ کے راہنما‘ جنرل سیکرٹری انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی ڈنگہ مرزا تجمل نوید سیؤ نے اپنے ایک تحریری بیان میں کہا ہے کہ سیوریج منصوبہ پر ضلع گجرات میں تختی لگانے پر کھینچا تانی جاری ہے۔ تختی کا زیادہ شوق ہے تو پی پی 34 میں آ جائیں اپنے نام کی تختی لگا لیں کوئی منع نہیں کرے گا۔ دو تین میگا منصوبے تیار ہیں عید کے بعد افتتاح کریں گے۔ کسی بھی نمائندے حاضر اور سابقہ کو کہتے ہیں کہ آئیں ہمارے ساتھ افتتاح کریں تختی پر بھی اس کا نام لکھا جائے گا۔ اتنا ظرف صرف حاجی چوہدری اعجاز احمد رنیاں کا ہے۔ سیوریج منصوبہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ کے ایم این اے اور ایم پی اے کی طرف سے الگ الگ بیانات آ رہے ہیں کہ افتتاح ہم نے کرنا ہے۔ اس طرح گجرات کا ماحول خراب ہو گا۔ سب کو دعوت ہے کہ ٹراما سنٹر میں ڈائیلائسز مشینوں کا افتتاح‘ دھپ سڑی بنگلہ میں گورنمنٹ گرلز کالج کا عید کے بعد افتتاح ہو گا۔ یہاں آ کر افتتاح کریں ہم ان کو خوش آمدید کہیں گے اور ان کی ساتھ تختی پر نام منسوب کریں گے۔ ہماری مثالیں موجود ہیں۔ خدمت مرکز اور اسٹیڈیم کے افتتاح پر ساتھ تختی لگائی گئی ہے۔