شریف فیملی کے ترجمان نے جنید صفدر کے ویانا جانے سے متعلق خبروں کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جنید صفدر اپنی اہلیہ کے ہمراہ رائیونڈ میں اپنے گھر پر موجود ہیں۔
ترجمان شریف فیملی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بعض حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر من گھڑت خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ جھوٹ اور فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بھی اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے سرکاری طیارے سے متعلق من گھڑت کہانیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس جھوٹی مہم کے خلاف حکومت پنجاب نے عدالتوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس مہم میں شامل ہر فرد اور پلیٹ فارم کے خلاف ہتکِ عزت قانون 2024 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ ان کے مطابق حکومت پنجاب اس معاملے میں قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق زیادہ سے زیادہ سزا دلوانے کے لیے اقدامات کرے گی۔





