اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حج پروازوں میں تاخیر یا معطلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور حج 2026 کے تمام انتظامات طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ عوام ایسی غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں۔ اس وقت عازمین حج کے ویزوں کے اجرا اور دیگر ضروری انتظامات کا عمل جاری ہے۔ وزارتِ مذہبی امور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے کہ عازمین کی روانگی سے متعلق تمام مراحل بروقت مکمل ہو سکیں۔
ترجمان کے مطابق حج پروازوں کے شیڈول کا باضابطہ اعلان عید الفطر کے بعد کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی عازمین کو ان کی پروازوں، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش، مکاتب اور دیگر انتظامات سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کر دی جائیں گی تاکہ وہ اطمینان کے ساتھ اپنی روانگی کی تیاری کر سکیں۔
وزارتِ مذہبی امور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ خبروں پر بھروسہ نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری معلومات کو ہی معتبر سمجھیں۔





