اکتوبر 29, 2026

ایران کے خلاف جنگ تقریباً مکمل ہوچکی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں ایران کے خلاف جاری جنگ بڑی حد تک مکمل ہو چکی ہے اور اس کے خاتمے کا وقت قریب ہے۔

امریکی ٹی وی سی بی ایس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ابتدا میں امریکا نے اندازہ لگایا تھا کہ یہ جنگ چار سے پانچ ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے، تاہم امریکا اپنی حکمت عملی کے باعث مقررہ وقت سے کہیں آگے بڑھ چکا ہے اور جنگ اپنے اختتام کے قریب ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کی فوجی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان کے مطابق ایران کی بحریہ مؤثر نہیں رہی، مواصلاتی نظام متاثر ہو چکا ہے اور فضائیہ بھی فعال نہیں رہی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے میزائل بڑی حد تک تباہ کر دیے گئے ہیں جبکہ ڈرونز کو بھی مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرون تیار کرنے والی تنصیبات کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر فوجی طاقت کے اعتبار سے دیکھا جائے تو ایران کے پاس اب بہت کم صلاحیت باقی رہ گئی ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا، جس میں ایران کے خلاف جاری جنگ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کے حوالے سے مختلف امور پر گفتگو کی۔