اپریل 19, 2026

ایران میں ایسا صدر دیکھنا چاہتے ہیں جو ملک کو جنگ کی راہ پر نہ لے جائے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے اپنے سخت گیر موقف کو دہراتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ کسی قسم کے سمجھوتے یا ‘سیٹلمنٹ’ کی تلاش میں نہیں ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ جنگ کے خاتمے پر ایران کا نقشہ شاید موجودہ صورتحال سے بالکل مختلف نظر آئے۔ ٹرمپ نے یہ خواہش ظاہر کی کہ وہ ایران میں ایسا صدر دیکھنا چاہتے ہیں جو ملک کو جنگ کی راہ پر نہ لے جائے، جبکہ انہوں نے کرد فورسز کے ایران میں داخل ہونے کے حوالے سے کسی بھی خواہش کی تردید کی۔ ایرانی ایلیمنٹری سکول پر حملے سے متعلق ایک سوال پر صدر ٹرمپ نے حیران کن دعویٰ کیا کہ یہ حملہ خود ایران نے کیا تھا۔ گفتگو کے دوران انہوں نے برطانوی وزیراعظم کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ برطانیہ اب مشرقِ وسطیٰ میں طیارہ بردار جہاز بھیجنے کا سوچ رہا ہے، لیکن اب امریکہ کو ان کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہمیں وہ لوگ نہیں چاہئیں جو جنگ جیت جانے کے بعد حصہ بننے آئیں۔ دریں اثنا، کویت میں ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے 6 امریکی فوجیوں کی میتیں ڈیلاویئر پہنچا دی گئیں، جہاں صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول نے ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔