اپریل 19, 2026

سعودی ہم منصب کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں: ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ عباس عراقچی کے مطابق، سعودی حکام نے تہران کو واضح طور پر یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو کسی بھی صورت ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی پڑوسی ممالک کے حوالے سے ایران کی پالیسی واضح کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کسی بھی پڑوسی ملک کے خلاف میزائل یا کسی قسم کی جارحیت کا ارادہ نہیں رکھتا، بشرطیکہ ان ممالک کی سرزمین سے ایران پر کوئی حملہ نہ کیا جائے۔ ایرانی صدر نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ‘عبوری لیڈر شپ کونسل’ نے باقاعدہ طور پر اس پالیسی کی منظوری دے دی ہے کہ پڑوسی ممالک کے خلاف کوئی حملہ نہیں کیا جائے گا، جس سے خطے میں پائی جانے والی بے یقینی کی فضا میں کمی آنے کی توقع ہے۔