اکتوبر 29, 2026

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا جنوبی وزیرستان کا دورہ: دہشت گردی کی حمایت ختم ہونے تک افغان سرحد پر امن ناممکن

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کر دیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے وانا، جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہدا کی یادگار پر پھول چڑھائے اور مادرِ وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہیں مغربی سرحد پر سکیورٹی صورتحال اور ‘آپریشن غضب للحق’ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بلند حوصلوں کو سراہا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ فتنہ خوارج اور فتنہ الہندوستان کا افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے اور اس جانب سے پیدا ہونے والے ہر خطرے کو ختم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ فیلڈ مارشل نے پاک افغان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاریوں اور مربوط کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔