اکتوبر 30, 2026

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کو شکست، پاکستان کی سیمی فائنل کی امیدیں روشن

کولمبو: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے ایک اہم اور سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے پچھاڑ دیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہوگئی ہے، جبکہ پاکستان کے لیے سیمی فائنل کے دروازے ایک بار پھر کھل گئے ہیں۔

کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کیوی بلے بازوں نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس 39 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ٹم سائفرٹ نے 35 اور فن ایلن نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے کیوی بلے باز کھل کر نہ کھیل سکے؛ ول جیکس، ریحان احمد اور عادل راشد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ انگلینڈ کی اس جیت نے نیوزی لینڈ کی پوزیشن کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور اب سیمی فائنل کا تمام تر دارومدار کل ہونے والے پاکستان اور سری لنکا کے میچ پر ہے۔

پاکستان کے لیے سیمی فائنل کی مساوات: پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے کل سری لنکا کے خلاف ہر صورت میں بڑی فتح درکار ہے۔ اگر پاکستان سری لنکا کو بڑے مارجن سے شکست دینے میں کامیاب رہا تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا، بصورتِ دیگر بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔