اکتوبر 29, 2026

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ : پاکستان کے لیے ‘کرو یا مرو’ کی صورتحال ، سری لنکا کو کتنے رنز سے ہرانا ہوگا؟

کولمبو میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے ایک انتہائی اہم اور دلچسپ مقابلے میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر جہاں خود سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، وہیں پاکستان کی ایونٹ میں بقا کی امیدوں کو بھی ایک نئی زندگی دے دی ہے۔ اس میچ میں کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، جس کے جواب میں انگلینڈ نے ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے گروپ میں 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ انگلینڈ کی اس فتح نے نیوزی لینڈ کی پوزیشن کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور اب سیمی فائنل کے دوسرے ٹکٹ کا تمام تر فیصلہ کل ہونے والے پاکستان اور سری لنکا کے ٹاکرے پر منحصر ہے، جہاں سری لنکا تو پہلے ہی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے مگر پاکستان کے لیے یہ میچ ‘کرو یا مرو’ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے نہ صرف سری لنکا کو ہرانا ہوگا بلکہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر اسے ایک بڑے مارجن سے فتح درکار ہوگی، جس کے مطابق اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو اسے سری لنکا کو کم از کم 65 رنز سے شکست دینا ہوگی اور اگر سری لنکا پہلے بیٹنگ کر کے کوئی ہدف دیتا ہے تو پاکستان کو وہ ہدف ہر صورت محض 13 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا، بصورتِ دیگر بہتر نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔