ستمبر 11, 2026

مریم نواز کے ویژن "پہلے سلام، پھر کلام” پر گجرات پولیس کا عملی قدم، ڈی پی او رانا عمر فاروق کی ٹریفک سٹاف کو خصوصی ہدایات

گلیانہ( ڈاکٹر انصر فاروق مغل) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "پہلے سلام، پھر کلام” پر عملدرآمد کے لیے گجرات پولیس متحرک ہو گئی۔
ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کی خصوصی ہدایت پر ڈی پی او کمپلیکس میں ایک اہم بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر انسپکٹر عمران اکرم نے ضلع بھر کے ٹریفک سٹاف کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور احترام سے پیش آنے کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔
بریفنگ کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ ٹریفک امور کی انجام دہی کے دوران شہریوں کی عزتِ نفس کا ہر صورت خیال رکھا جائے اور پیشہ ورانہ رویہ اپنایا جائے۔ اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ قانون کی عملداری کے ساتھ ساتھ نرم گفتاری اور مثبت رویے کو بھی اپنی ذمہ داری کا حصہ بنائیں۔
ٹریفک اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا گیا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ شروع ہو رہا ہے، لہٰذا تمام اہلکار اپنی ڈیوٹی نہایت محنت، دیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیں۔ شہریوں سے گفتگو میں مؤدبانہ لہجہ اختیار کریں اور سڑکوں پر عوام کی سہولت کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔
اس اقدام کا مقصد پولیس کلچر میں مثبت تبدیلی لانا، عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو فروغ دینا اور شہریوں کو سفری سہولیات کے دوران مکمل تحفظ اور احترام فراہم کرنا ہے۔