جہلم (محمد زاہد خورشید ) آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس، سلطان احمد چوہدری کے خصوصی احکامات کے تحت، سیکٹر این-5 نارتھ-II جہلم میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے آگاہی اور نفاذی مہم جاری ہے، جس کی نگرانی سیکٹر کمانڈر ایس پی زاہد نذیر کر رہے ہیں۔ اس مہم کا مقصد نوجوانوں اور موٹر سائیکل سواروں میں ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری، حفاظتی اقدامات، اور سڑکوں پر حادثات کی روک تھام کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔
موبائل ایجوکیشن یونٹ کی ٹیم نے مختلف اسکولوں اور کالجز میں طلباء اور نوجوانوں کو بریفنگ دی، جس میں ہیلمٹ کا لازمی استعمال، اوور اسپیدنگ سے پرہیز، ون وے قوانین کی پابندی، سائیڈ ویو مررز کا استعمال، موٹر سائیکل کی فٹنس، ڈرائیونگ لائسنس کی موجودگی، مسافروں کی حفاظت اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کی گئی۔

مہم بیٹ 5 (مندرہ)، بیٹ 6 (سوہاوہ) اور بیٹ 7 (سرائے عالمگیر) میں جاری ہے، جہاں موٹر وے پولیس ٹیمیں بریفنگ کے ساتھ ساتھ قوانین کے نفاذ پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہیں اور خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔
سیکٹر کمانڈر ایس پی زاہد نذیر صاحب نے عوام، والدین اور طلباء سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات اختیار کریں، ہیلمٹ پہنیں، بغیر لائسنس ڈرائیونگ سے گریز کریں اور قوانین کی پابندی کریں تاکہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ یہ مہم موٹر سائیکل سواروں میں محفوظ، ذمہ دار اور قانون کے مطابق ڈرائیونگ کو فروغ دینے کے لیے جاری رہے گی۔





