اکتوبر 29, 2026

پی ایس ایل 11 کے پلیئرز آکشن کی تاریخ طے، ٹاپ کیٹیگری کی بیس پرائس 4 کروڑ 20 لاکھ روپے مقرر

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے لیے پلیئرز آکشن 11 فروری کو منعقد ہوگا، جس میں ٹاپ کیٹیگری کی بیس پرائس 4 کروڑ 20 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس حوالے سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایچ بی ایل پی ایس ایل آکشن ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے خصوصی شرکت کی۔

ورکشاپ میں پی ایس ایل فرنچائزز کے نمائندوں، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، پی ایس ایل منیجمنٹ اور پی سی بی آفیشلز نے شرکت کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کو فرنچائزز میں برقرار رکھنے کی تعداد اور دیگر امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے آکشن ورکشاپ کے خدوخال پر بریفنگ دی اور پلیئرز آکشن کے مکمل پراسیس سے آگاہ کیا۔

ورکشاپ کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پلیئرز آکشن پاکستانی روپے میں ہوگا۔ ٹاپ کیٹیگری کے علاوہ دیگر کیٹیگریز کی بیس پرائس دو کروڑ 20 لاکھ، ایک کروڑ 10 لاکھ اور 60 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ آکشن کے دوران ایک کروڑ 10 لاکھ روپے سے کم کی بولی میں کم از کم ڈھائی لاکھ روپے کا اضافہ ہوگا، دو کروڑ 20 لاکھ روپے سے کم بیس پرائس میں 5 لاکھ، چار کروڑ 20 لاکھ سے کم بولی میں 10 لاکھ جبکہ چار کروڑ 20 لاکھ سے زائد بولی میں 15 لاکھ روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔

پی ایس ایل 11 کے لیے ہر فرنچائز کا اسکواڈ کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 20 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا، جبکہ ایک اسکواڈ میں 5 سے 7 غیر ملکی کھلاڑی شامل کیے جا سکیں گے۔ فرنچائزز کے لیے لازم ہوگا کہ پلیئنگ الیون میں کم از کم تین اور زیادہ سے زیادہ چار غیر ملکی کھلاڑی شامل کیے جائیں۔ اس کے علاوہ ہر فرنچائز دو انڈر 23 ان کیپڈ کھلاڑی اسکواڈ میں اور ایک کو پلیئنگ الیون میں لازمی شامل کرے گی۔

پی ایس ایل 11 میں پک یا ری ٹین کیے جانے والے کھلاڑی کا فرنچائز کے ساتھ دو سالہ معاہدہ ہوگا، جبکہ پی ایس ایل 12 کے بعد گرینڈ آکشن منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔