اکتوبر 28, 2026

امریکا میں شدید برفانی طوفان: 7 ہلاکتیں، لاکھوں متاثر، زندگی مفلوج

امریکا کی متعدد ریاستیں کئی برسوں کے سب سے شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں، جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو گیا اور کم از کم 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما، نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں شدید برفباری، بارش اور شدید سرد ہوائیں جاری ہیں۔ نیویارک کے دیہی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 49 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔

شدید برفباری کے سبب امریکا بھر میں 16 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ 8 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں۔ رپورٹس کے مطابق 24 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور 40 ریاستوں کے 24 کروڑ سے زائد افراد شدید سردی سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

واشنگٹن اور گردونواح میں 6 سے 10 انچ برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث وفاقی دفاتر بند رکھنے اور نیویارک سٹی کے اسکولوں میں آن لائن کلاسز کا اعلان کیا گیا ہے۔ نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے کہا کہ یہ کئی برسوں کے بعد موسم سرما کا سب سے شدید طوفان ہے اور عوام غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔

محمکہ موسمیات کا کہنا ہے کہ امریکا میں برفانی طوفان کا اثر اگلے ہفتے تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔